آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’مظاہرین کا برتاؤ ایسا، جیسے وینس کے مالک ہوں‘: دنیا کی امیر شخصیات میں شامل جیف بیزوس کی شادی پر اٹلی میں احتجاج کیوں؟
ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور ان کی منگیتر لورین سانشیز رواں ہفتے اٹلی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو رہے ہیں اور اس دوران تین روزہ شاہانہ تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔ اٹلی میں اس شادی کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور دیگر تنازعات کے باوجود بھی اس سال کی مہنگی ترین شادی اسی ملک میں ہو رہی ہے۔
یہ ارب پتی کاروباری شخصیت جیف بیزوس اور فوکس ٹی وی اور اے بی سی ٹاک شو دا ویو کی سابق میزبان لورین سانشیز دونوں کی دوسری شادی ہے۔
لورین اور جیف گذشتہ کئی برسوں سے ایک ساتھ ہیں اور مئی 2023 میں ان دونوں کی منگنی ہوئی تھی۔
اس شادی کی دیگر تصدیق شدہ تفصیلات تو موجود نہیں لیکن اطلاعات یہی تھیں کہ دونوں کی شادی کی سب سے بڑی تقریب وینس کی قدیم اور تاریخی عمارت سکولا ویکیا دیلا میسیریکوردیا میں منعقد ہونی تھیں۔
تاہم اس شادی پر خرچ ہونے والی خطیر رقم اور عوام کی روز مرہ زندگی پر اس سے پڑنے اثرات کے سبب احتجاج کے سبب منتظمین کو ان تقریبات کے مقامات بدلنے پڑے۔
شادی کی تقریبات کے خلاف احتجاج کرنے والے نو سپیس فور بیزوس نامی گروپ سے منسلک ایک شخص کہتے ہیں کہ ’ہمیں اس پر فخر ہے۔ ہم کچھ بھی نہیں اور نہ ہمارے پاس پیسہ ہے۔‘
’ہم صرف عام شہری ہیں جنھوں نے احتجاج منعقد کیا اور دنیا کے طاقتور لوگوں (ارب پتی افراد) کو شہر سے باہر بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔‘
تاہم شہری انتظامیہ کے حکام کی جانب سے احتجاجی مظاہرین پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مال دار مہمان وینس کے لیے کمائی کا بڑا ذریعہ ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سٹی کونسل میں اکنامک ڈویلپمنٹ کونسلر سیمون وینچرونی کہتے ہیں کہ ’یہ احتجاجی مظاہرین ایسے برتاؤ کر رہے ہیں جیسے یہ وینس کے مالک ہوں۔‘
’کسی کو یہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں کہ کس کی یہاں شادی ہو گی اور کس کی نہیں۔‘
جیف بیزوس اور لورین سانشیز کے مشترکہ طور پر سات بچے ہیں۔
مکینزی سکاٹ کے ساتھ پہلی شادی سے بیزوس کے تین بیٹے اور ایک لے پالک بیٹی ہے۔ دونوں نے سنہ 2019 میں ٹویٹر پر اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا۔
بیزوس اور ان کی پہلی اہلیہ کی طلاق کی صورت میں 35 ارب ڈالر کی سب سے بڑی سیٹلمنٹ سامنے آئی تھی۔ مکنزی سکاٹ ایمازون میں چار فیصد حصص کی مالک ہیں۔
بلیو اوریجن کے ایکس اکاؤنٹ کے مطابق 55 سالہ لورین سانشیز لائسنس یافتہ پائلٹ اور بلیک اوپس ایوی ایشن کی بانی ہیں۔
لورین کے اپنے سابق ساتھی نیشنل فُٹبال لیگ ٹونی گانزیلزکے ساتھ ایک بیٹا اور پہلے شوہر پیٹرک وائٹسیل کے ساتھ دو بچے ہیں۔ دونوں کی شادی تقریباً 14 برس تک قائم رہی تھی۔
اس شادی کے خلاف احتجاج کون کر رہا ہے؟
اس شادی کی تقریبات کے خلاف متعدد گروپس احتجاج کر رہے ہیں۔ ان میں وہ گروپس بھی شامل ہیں جو وینس میں سیاحت کی زیادتی، ماحولیاتی آلودگی اور جیف بیزوس کی ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے حمایت کے خلاف ہیں۔
وینس میں سماجی اور سیاسی کارکنان جیف بیزوس کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرے کیے ہیں اور انھیں شادی کی تقریبات کے سبب شہر کے حصوں کے بند ہونے پر اعتراض ہے۔
کچھ مقامی افراد شادی کی تقریبات کو وینس کے ساتھ سیاحت کی زیادتی کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ وینس کی آبادی اس وقت کُل آبادی 49 ہزار ہے جو کہ سنہ 1950 تک 1 لاکھ 75 ہزار تھی۔
ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کام کرنے والے گروپ گرین پیس جیف بیزوس کو ’مراعات اور آلودگی‘ کی علامت سمجھتے ہیں جو کہ ’امیر اور عام لوگوں کے درمیان عدم توازن کو بڑھا رہے ہیں۔‘
پیر کو گرین پیس کے کارکنان اور ایوری ون ہیٹس ایلون نامی گروپ نے جیف بیزوس کی ایک بڑی سی تصویر کے ساتھ احتجاج کیا تھا اور احتجاجی مظاہرین امیر افراد کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے نظر آَئے تھے: ’اگر آپ شادی کے لیے وینس کرایے پر لے سکتے ہیں تو مزید ٹیکس بھی دے سکتے ہیں۔‘
اطلاعات کے مطابق جیف بیزوس اور لورین سانشیز کی شادی کی تقریبات جمعرات کی رات میڈونا ڈیل اورتو کے قدیم چرچ میں شروع ہو رہی ہیں جو کہ اپنی نائٹ لائف کے لیے مشہور علاقے کناریو میں واقع ہے۔
وینس سٹی ہال نے بدھ کو اس حوالے سے ایک ہدایت نامے میں کہا تھا کہ اس علاقے کو بند کر دیا جائے تاکہ شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور گذشتہ کئی ہفتوں سے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو علیحدہ رکھا جا سکے۔
شادی میں کون کون شرکت کر رہا ہے؟
اس شادی میں 200 افراد کو مدعو کیا گیا ہے اور ان میں سے کچھ لوگ بشمول فیشن ڈیزائنر ڈيان وون فورستنبرگ، ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر وینس پہنچ بھی چکے ہیں۔
رواں برس لورین سانشیز کی بیچلریٹ پارٹی میں کم کارڈیشین، کرس جینر، کیٹی پیری، ایوا لنگوریا اور نتاشہ پوناوالا سمیت متعدد مشہور شخصیات نے شرکت کی تھی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ شخصیات وینس میں شادی کی تقریبات میں بھی شریک ہوں گی۔
افواہیں یہ بھی گردش کر رہی ہیں کہ مشہور ٹی وی پریزینٹر اوپرا ونفرے، گلوکار مِک جیگر اور اداکار لیونارڈو ڈیکیپریو بھی اس شادی میں شرکت کرنے کے لیے اٹلی پہنچیں گے۔
اطالوی میڈیا کے مطابق وینس میں تقریباً ہر لگژری ہوٹل کو بک کر دیا گیا ہے جبکہ واٹر ٹیکسیز کو بھی بک کیا گیا ہے۔
وینس کے ایئرپورٹ پر پرائیویٹ جیٹ طیاروں کی آمد متوقع ہے جبکہ پرائیویٹ بحری جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہوں گے۔
پانچ ہوٹل مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ سابق امریکی میرینز سکیورٹی فراہم کریں گے۔
وینیتو کی مقامی حکومت کے صدر لوکا زئیا کے مطابق اس شادی پر پانچ کروڑ پچاس لاکھ ڈالروں کا خرچہ آئے گا۔
لیکن جیف بیزوس کی شادی وینس میں ہونے والی پہلی پر تعیش شادی نہیں۔
سنہ 2014 میں اداکار جارج کلونی کی انسانی حقوق کی وکیل امل علماؤ الدین سے شادی بھی یہاں ہی ہوئی تھی تاہم بیزوس کی شادی کے برعکس اس وقت جارج کلونی کی تقریب کے خلاف کوئی ہنگامہ نہیں ہوا تھا۔