امبانی خاندان کا ونتارا اور جیکب اینڈ کو کی خاص پیشکش: 15 لاکھ ڈالر کی گھڑی میں ایسا خاص کیا ہے؟

    • مصنف, ابھشیک دیو
    • عہدہ, گوہاٹی
  • مطالعے کا وقت: 4 منٹ

انتہائی قیمتی گھڑیاں بنانے والی کمپنی جیکب اینڈ کو کی ایک نئی گھڑی نے انڈیا میں ہلچل مچا دی ہے۔

اس گھڑی کو ’اوپرا ونتارا گرین کامو‘ کا نام دیا گیا ہے اور 18 قیراط وائٹ گولڈ سے تیار کی گئی اس گھڑی میں ہیروں سمیت 397 قیمتی پتھر جڑے ہیں، جن کا مجموعی وزن تقریباً 22 قیراط بتایا جاتا ہے۔

ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے خاندان کے ملکیتی جانوروں کے مرکز ’ونتارا‘ کی تھیم پر بنائی گئی اس گھڑی کے مرکز میں مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کا ایک چھوٹا سا مجسمہ بھی نصب ہے، جس کے گرد ببر شیر اور بنگال کے شیر بھی بنائے گئے ہیں۔

گھڑی بنانے والی کمپنی نے اس کی قیمت ظاہر نہیں کی، لیکن صنعتی اتحادی واچوپیا کے مطابق اس کی قیمت کا اندازہ تقریباً 15 لاکھ ڈالرز یا انڈین کرنسی میں 13 کروڑ 70 لاکھ روپے کے قریب لگایا گیا ہے۔ (پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 42 کروڑ روپے بنتی ہے)

گھڑی جس چڑیا گھر کی مناسبت سے بنائی گئی ہے، اسے جنگلی حیات کے بچاؤ اور بحالی کے نجی مرکز کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ ونتارا کا افتتاح گذشتہ سال مارچ میں انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔

یہ چڑیا گھر انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں جام نگر کے مقام پر واقع ہے۔ مکیش امبانی کی ملکیت، دنیا میں تیل صاف کرنے کا سب سے بڑا کارخانہ اس کے قریب ہی واقع ہے۔

ساڑھے تین ہزارایکڑ پر پھیلے اس چڑیا گھر میں شیر اور ہاتھی سمیت جانوروں کی دو ہزار سے زیادہ اقسام رہتی ہیں۔ یہ چڑیا گھر آننت امبانی کی ملکیت ہے اور عام افراد کو وہاں جانے کی اجازت نہیں۔

گذشتہ سال یہ چڑیا گھر اُس وقت خبروں میں آیا تھا جب اس پر جانوروں کو غیر قانونی طریقے سے حاصل کرنے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات لگے تھے لیکن بعد میں سپریم کورٹ کی مقرر کردہ ٹیم نے قرار دیا تھا کہ انھیں کسی غلط حرکت کے ثبوت نہیں ملے۔

’آننت امبانی کی شادی کی تقریبات کے باعث ونتارا خبروں میں رہا‘

سنہ 2024 میں اننت امبانی کی شاندار شادی کی تقاریب کے لیے ایک مقام ونتارا بھی تھا۔ یہ پری ویڈنگ تقاریب دنیا بھر میں سرخیوں کا موضوع بنی تھیں۔

ان شادی اور دیگر تقریبات میں انڈیا کے تمام بڑے بالی ووڈ ستاروں کے ساتھ ساتھ کم کارڈیشیئن اور ریحانہ جیسی عالمی شہرت یافتہ شخصیات بھی شریک ہوئی تھیں۔

اس کے علاوہ بل گیٹس اور مارک زکربرگ جیسے کاروباری افراد، برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اپنے شوہر جیرڈ کُشنر کے ساتھ ان تقاریب میں شامل ہوئے تھے۔

گھڑی بنانے والی کمپنی کا کیا کہنا ہے؟

گھڑی کی رونمائی کے موقع پر سوشل میڈیا پوسٹ میں جیکب اینڈ کمپنی نے کہا کہ ان کی نئی لگژری گھڑی ’ونتارا کے لیے خراجِ تحسین‘ ہے، اور اس کے ڈائل کے مرکز میں موجود آننت کا مجسمہ ’دیکھ بھال اور احساس ذمہ داری‘ کی علامت ہے۔

کمپنی کے مطابق اس گھڑی میں ہیروں، سبز نیلم، یاقوت سمیت 397 قیمتی ہیرے جڑے ہیں۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق آننت امبانی گھڑیاں جمع کرنے کے شوقین ہیں اور ان کے پاس قیمتی ہیروں سے جڑی کروڑوں روپے مالیت کی متعدد گھڑیاں موجود ہیں۔

آننت کی شادی کی تقریبات کے دوران ایک ایسی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا آننت امبانی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اُن کی گھڑی کو دیکھ کر دنگ رہ گئے تھے۔

پریسیلا کو اس موقع پر یہ کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ ’آپ کی گھڑی بہت ہی شاندار ہے۔۔۔ بہت کول۔‘ اس کے بعد وہ کہتی ہیں کہ وہ بھی گھڑی خریدنا چاہتی ہیں اور آننت کی گھڑی کو پکڑ کر اس کا ماڈل اور برانڈ وغیرہ بھی دیکھنے کی کوشش کرتی نظر آئیں۔۔۔ مارک اور ان کی اہلیہ کی گھڑی کے متعلق گفتگو کے دوران آننت بہت محظوظ ہوتے دیکھے گئے۔

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق اس گھڑی میں ’آٹھ ہزار قیراط سونا اور ہیرے جڑے‘ ہوئے ہیں اور اس کی قیمت ’15 کروڑ‘ انڈین روپوں سے بھی زائد تھی۔