آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
جب عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار ٹوائلٹ سیٹ پر بیٹھے نظر آئے
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، دلی
- مطالعے کا وقت: 3 منٹ
انڈیا کی ریاست گجرات میں ہائی کورٹ نے ایک درخواست گزار پر مقدمے کی ویڈیو سماعت کے دوران ٹوائلٹ کی سیٹ پر بیٹھے ہوئے عدالتی کارروائی میں حصہ لینے کی پاداش میں ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
عدالت کے رجسٹرار کی ایک رپورٹ کے مطابق 20 جون کو ایک مقدمے کی ورچول یعنی ویڈیو سماعت میں سورت شہر کے ایک درخواست گزار نے ایک گھنٹے سے زیادہ دورانیے تک شرکت کی۔
تاہم سماعت کے دوران ایک مرحلے پر درخواست گزار ویڈیو میں بیت الخلا کی ٹوائلٹ سیٹ پر بیٹھے ہوئے دکھائی دیے۔
عدالت عالیہ نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے توہین عدالت کے ضابطوں کے تحت عرضی گزار کو طلب کیا اور انھیں یہ ہدایت کی کہ وہ 22 جولائی کو آئندہ سماعت سے قبل جرمانے کے ایک لاکھ روپے عدالت کے رجسٹری دفتر میں جمع کروائیں۔
ہائی کورٹ کے بنچ نے درخواست گزار کے وکیل سے بھی پوچھا کہ کیا انھوں نے اپنے مؤکل کو ورچول کورٹ یعنی ویڈیو کے ذریعے عدالتی سماعت میں شرکت کے آداب سے واقف کرایا تھا ؟
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کہ درخواست گزار کو عدالت میں کس طرح پیش ہونا ہے، اس کی وضاحت کی گئی تھی۔ لیکن نادانستگی میں ان کے مؤکل سے یہ غلطی سرزد ہو گئی۔
دو ججوں پر مشتمل اسی بینچ نے ورچول کورٹ میں نامناسب طریقے سے پیش ہونے کے لیے ہائی کورٹ کے ایک سینئر وکیل بھاسکر تنا کے خلاف بھی اپنی صوابدید پر توہین عدالت کے معاملے کی سماعت کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس معاملے میں بھاسکر تنا 26 جون کو ایک مقدمے کی ورچول سماعت کے دوران 26 منٹ تک ویڈیو کے ذریعے جڑے رہے۔
تاہم اس دوران وہ فون پر کسی اور سے بات کرتے اور ایک شراب والے کپ سے کچھ پیتے ہوئے دکھائی دیے۔
بھاسکر تنا نے اپنے برتاؤ کے لیے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ’میں خود کا دفاع نہیں کر رہا ہوں لیکن اگر سماعت میں ویڈیو شرکت کا کنٹرول وکلا کے ہاتھوں میں رہے گا تو اس طرح کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے لیکن اگر یہ کنٹرول عدالت کے افسروں کے ہاتھ میں ہو تو وہ سماعت میں داخلے کو روک سکتے ہیں اور یہی طریقہ سپریم کورٹ نے اختیار کر رکھا ہے۔‘
اس معاملے کی اگلی سماعت 22 جولائی کو ہو گی۔