ٹرمپ کا ایران کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا اعلان، برطانیہ نے امریکہ کو اپنے فوجی اڈے دفاعی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے دی

صدر ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ’ہمارے تمام مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔‘ دوسری جانب برطانیہ نے امریکہ کو اپنے فوجی اڈے دفاعی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے دی

خلاصہ

  • ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہو گئے ہیں
  • ایرانی حکومت نے ملک بھر میں 40 روزہ سوگ اور سات دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی ایران نے مقبوضہ علاقوں اور امریکی اڈوں پر تاریخ کی سب سے ’تباہ کن‘ فوجی کارروائی شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے
  • صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رہبرِ اعلیٰ کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران پر بمباری جاری رکھے گا اور تہران میں ابھی بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں
  • اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی دفاعی قیادت کو ختم کر دیا گیا ہے اور مارے جانے والوں میں ایرانی وزیر دفاع عزیز نصیر زادہ، سکیورٹی امور کے مشیر علی شامخانی اور پاسدران انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور بھی شامل ہیں

لائیو کوریج

  1. عالمی قانون کے تحت سربراہان مملکت یا حکومت کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے: شہباز شریف کا خامنہ ای کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دُکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔

    وزیر اعظم کی جانب سے ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر بھی تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ پرانا کنونشن ہے کہ سربراہان مملکت یا حکومت کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہم مرحوم کی رُوح کے لیے دُعاگو ہیں۔ اللہ تعالی ایرانی عوام کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور استقامت عطا فرمائے۔‘

    مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنا روس کا دورہ مؤخر کر دیا ہے۔

    حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ علاقائی و داخلی صورتحال کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نے مشاورت کے بعد اپنے دورہ روس کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روس کا دورہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، مگر موجودہ حالات کے پیشِ نظر یہ دورہ مؤخر کیا گیا ہے.

    دورے کی نئی تاریخ کا فیصلہ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا.

  2. اپنے ملک میں احتجاج یا قانون ہاتھ میں لینے کا فائدہ پاکستان کے دُشمنوں کو ہو گا: خواجہ آصف

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایران پر حالیہ حملے انتہائی افسوسناک ہیں اور ہمیں اس پر دلی رنج ہے۔

    ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی ہے۔ اقوامِ متحدہ میں بھی پاکستان نے واضح طور پر ایران کے خلاف حملے کی مذمت کی ہے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے ملک کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلیں یا قانون کو ہاتھ میں لیں تو یہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، احتجاج کو پرامن رکھیں اور ملک کے اندر کسی بھی قسم کی بدامنی یا نقصان سے بچیں۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ ہماری بہادر افواج کامیابی کے ساتھ جنگ جیت رہی ہیں۔ قومی اتحاد اور استحکام ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔

  3. عمان کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر حملہ، چار افراد زخمی

    عمان کے سرکاری میڈیا کے مطابق عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر حملہ ہوا ہے جس میں چار افراد زخمی ہوئے۔

    عمان کے میری ٹائم سکیورٹی سینٹر کا کہنا ہے کہ ’سکائی لائٹ‘ نامی آئل ٹینکر ملک کے شمالی حصے میں بندرگاہ خصب سے تقریباً پانچ میل دور نشانہ بنایا گیا۔

    عمان نیوز ایجنسی کے مطابق عملے کے چار ارکان زخمی ہوئے لیکن انھیں محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا۔ عملہ 15 انڈین اور پانچ ایرانی شہریوں پر مشتمل تھا۔

    یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی کہا ہے کہ عمان کے شمال میں مشکوک سرگرمیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق عمان کی تجارتی بندرگاہ دقم کو بھی دو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک ڈرون نے موبائل ہاؤسنگ یونٹ کو نشانہ بنایا جس سے ایک کارکن زخمی ہوا، جبکہ دوسرے ڈرون کا ملبہ ایندھن ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کے قریب گرا، جیسا کہ ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا۔

  4. مشرق وسطیٰ میں برطانوی اڈوں اور شہریوں کو ’اندھا دھند‘ حملوں سے بچانا اولین ترجیح ہے: وزیر دفاع

    مشرق وسطیٰ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں برطانوی اڈوں اور شہریوں کو ’اندھا دھند‘ حملوں سے بچانا اولین ترجیح ہے۔

    انھوں نے کہا کہ برطانوی مسلح افواج کے تقریباً 300 اہلکار ڈرونز اور میزائلوں کے ’چند سو میٹر کے اندر‘ تھے جنھیں ایران نے بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر فائر کیا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ سنیچر کے روز ’قبرص کی طرف‘ دو بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ’یہ ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح ہمارے اڈوں، فوجی اہلکاروں اور شہریوں کو ایک ایسی حکومت سے خطرہ ہے جو اپنے حملوں میں تیزی سے لاپرواہ، وسیع اور بے قابو ہے۔‘

    ایران رہبر اعلیٰ کی موت پر برطانوی حکومت کے پہلے ردعمل میں انھوں نے کہا کہ ’کچھ لوگ ہی آیت اللہ علی خامنہ ای کا سوگ منائیں گے۔‘

    برطانوی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’یقیناً، اب تشویش کی بات یہ ہے کہ یہ حکومت۔۔۔ جو تیزی سے سفاکانہ اور وسیع پیمانے پر حملے کر رہی ہے۔۔۔ اس کے حملے صرف فوجی اہداف تک محدود نہیں ہیں۔‘

    انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ برطانوی افواج صرف ’دفاعی‘ کارروائیوں میں شامل تھیں۔

    جان ہیلی نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کی قانونی حیثیت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور کہا کہ ’یہ امریکہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کارروائی کی قانونی بنیاد کا تعین کرے۔‘

    ’برطانیہ نے ایران پر حملوں میں کوئی کردار ادا نہیں کیا، پھر بھی ہم خطے کے تمام اتحادیوں اور امریکہ کا بنیادی ہدف رکھتے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں۔‘

  5. مشرقِ وسطیٰ میں فضائی حدود بند، پروازیں منسوخ

    Middle East

    مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں اور تہران کے جوابی میزائل حملوں کے بعد فضائی کمپنیوں نے پروازیں منسوخ اور دیگر راستوں پر منتقل کرنا شروع کر دی ہیں۔

    دبئی انٹرنیشنل اور دبئی المکتوم ایئرپورٹس سے تمام پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔

    ایمرٹس ایئرلائن نے کہا ہے کہ اس نے فضائی حدود بند ہونے کے باعث پیر کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے تک دبئی سے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں، جبکہ اتحاد ایئرلائن نے ابوظہبی سے پروازیں پیر کی صبح دو بجے تک روک دی ہیں۔

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چار ملازمین ایک واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔

    برٹش ایئرویز نے بُدھ تک تل ابیب اور بحرین کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں اور ابوظہبی، عمان، دوحہ اور دبئی کے لیے پروازوں پر بھی اثرات کی وارننگ دی ہے۔

    ورجن اٹلانٹک نے بھی اتوار اور پیر کو لندن سے دبئی اور لندن سے ریاض کے درمیان پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

    سنگاپور ایئرلائنز اور ایئر انڈیا سمیت دیگر فضائی کمپنیوں نے بھی مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیشِ نظر اپنے شیڈول میں تبدیلیاں کی ہیں۔

    Airports
  6. رہبر اعلیٰ کا ’قتل‘ انسانیت اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے: پوتن کی ایران سے تعزیت

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے ’بے رحمانہ قتل‘ پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    پوتن نے خامنہ ای کی موت کو ’ایک مفاد پرستی کی خاطر کیا جانے والا قتل قرار دیا جو انسانی اخلاقیات اور بین الاقوامی قانون کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔‘

  7. تہران پر گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والے حملوں میں 57 افراد ہلاک ہوئے: ایرانی سرکاری میڈیا

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    تہران صوبہ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے سے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں تہران پر 60 حملے ہوئے جن میں 57 افراد ہلاک ہوئے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے دارالحکومت کو نشانہ بنایا ہے، اور تصاویر میں شہر کے اوپر دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

  8. بغداد کے گرین زون میں سینکڑوں افراد کی امریکی سفارت خانے پر حملے کی کوشش کی

    protest

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ خامنہ ای کی موت کی خبر جاری ہونے کے بعد ’سیکڑوں عراقیوں‘ نے بغداد کے گرین زون پر حملہ کرنے کی کوشش کی جہاں امریکی سفارت خانہ واقع ہے۔

    ایک سکیورٹی ذریعے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ان کی کوششیں اب تک بے نتیجہ رہی ہیں، لیکن وہ اب بھی گرین زون میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

    اطلاعات کے مطابق ان لوگوں نے ’ایران نواز مسلح گروپوں کے جھنڈے‘ اٹھا رکھے تھے اور سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا، جنھوں نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔

    دریں اثنا مقامی عراقی میڈیا نے جنوبی صوبوں میں مظاہروں کی خبر دی ہے۔

    کئی ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروپوں نے سنیچر کے روز اعلان کیا کہ وہ ’غیر جانبدار‘ نہیں رہیں گے اور ایران کا دفاع کریں گے۔

    کتائب حزب اللہ نے کہا ہے کہ وہ جنوبی عراق میں فضائی حملوں میں اس کے دو ارکان کی ہلاکت کے بعد امریکی اڈوں پر حملہ کرے گا۔

    اربیل ہوائی اڈے کے قریب آج دھماکوں کی اطلاع ملی، جہاں امریکی افواج تعینات ہیں۔

  9. ایرانی میزائل حملوں میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک

    IDF

    ،تصویر کا ذریعہIDF

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں میں اس کے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈفرین نے کہا کہ اگرچہ ہمارے پاس وسیع فضائی دفاعی نظام موجود ہے لیکن اب بھی یہ مکمل محفوظ نہیں ہے۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی فوج نے ایران کے دفاعی نظام کو ’شدید نقصان‘ پہنچایا ہے۔

    ایفی ڈفرین کے مطابق اسرائیل اپنے حملے جاری رکھنے کے لیے امریکی فوج کے ساتھ تعاون کرے گا ’جب تک کہ ہم اپنے لیے مقرر کردہ تمام اہداف حاصل نہ کر لیں۔‘

  10. علی رضا اعرافی کو عبوری کونسل کا رکن منتخب کر لیا گیا

    eghtesadonline

    ،تصویر کا ذریعہEghtesadonline

    مجمع تشخیص مصلحت نظام کے ترجمان محسن دہنوی نے آیت اللہ علی رضا اعرافی کو عبوری قیادت کونسل میں مجلس خبرگان رهبری کے فقہی عہدے کے رکن کے طور پر منتخب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    علی خامنہ ای کے قتل کے بعد صدر، عدلیہ کے سربراہ اور گارڈین کونسل کے ایک فقیہ کو ممبر کے طور پر ایک عارضی لیڈرشپ کونسل تشکیل دی جائے گی۔

    ایرانی آئین کے آرٹیکل 111 کے مطابق رہبرِ اعلیٰ کی موت، استعفے یا برطرفی کی صورت میں ملک کے صدر، عدلیہ کے سربراہ اور نگہبان شوریٰ کے ایک رکن رہبرِ اعلیٰ کی ذمہ داریاں اٹھاتے ہیں۔

    آئین کے اس آرٹیکل کے مطابق اگر ان تین افراد میں سے کوئی ان ذمہ داریوں سے معذوری کا اظہار کرے تو پھر ان کی جگہ ’مجمع تشخیص مصلحت نظام‘ (فقہا کی اکثریت) ان کی جگہ نیا رکن مقرر کرے گی۔

    اس کے بعد مرحلہ رہبرِ اعلیٰ کی تقرری کا آتا ہے۔ اس عہدے کے لیے کسی شخصیت کا انتخاب مجلس خبرگان رهبری کرتی ہے۔ یہ 88 فقہا کی ایک اسمبلی ہے، جس کے اراکین کا انتخاب ہر آٹھ برس کے بعد ہوتا ہے۔

    تاہم اس انتخاب سے قبل جانچ پڑتال کا کام نگہبان شوریٰ سرانجام دیتی ہے، جس میں سنہ 2024 میں خامنہ ای کے وفادار تمام نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

    مجلس خبرگان رهبری کو ’جتنی جلدی ممکن ہو سکے‘ رہبرِ اعلیٰ کا انتخاب کرنا ہوتا ہے لیکن اس کے لیے معیاد کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ اگر مجلس خبرگان رهبری دو تہائی اکثریت سے کسی کو رہبرِ اعلیٰ منتخب نہیں کرتی تو پھر تکنیکی طور پر عبوری کونسل ہی رہبرِ اعلیٰ کی ذمہ داریاں اُٹھاتی ہے۔

  11. گلگت بلتستان میں آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد مشتعل مظاہرین نے اقوام متحدہ کے دفتر کو نذر آتش کر دیا, محمد زبیر خان، صحافی

    گلگت

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے باضابطہ اعلان کے بعد پاکستان کے دیگر شہروں کے علاوہ اس کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں احتجاجی ریلیاں، مظاہرے اور پرتشدد احتجاج جاری ہیں۔

    گلگت بلتستان کے ہیڈکوارٹر سمیت سکردو میں پرتشدد مظاہرے ہوئے جن میں اقوامِ متحدہ کے دفاتر کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔

    گلگت اور سکردو میں متعدد مقامات پر مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس میں کئی مظاہرین زخمی ہوئے جبکہ ڈی ایس پی سکردو اور متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ سکردو میں ایس پی ہاؤس، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر پر توڑ پھوڑ کی گئی۔ گلگت میں یو این ڈی پی اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور آگ لگا دی گئی۔

    گلگت سے صحافی وجاہت علی کے مطابق دوپہر کے وقت ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو پرامن تھی اور مختلف سڑکوں پر مارچ کر رہی تھی۔ اس کا اختتام ممکنہ طور پر اقوامِ متحدہ کے دفتر کے باہر ہوگا۔ تاہم صبح کے وقت مشتعل افراد نے اقوامِ متحدہ کے دفتر کا گھیراؤ کیا تھا۔

    IT Park Technology Skardu

    ،تصویر کا ذریعہRajab Ali Qamar

    ،تصویر کا کیپشنآئی ٹی پارک ٹیکنالوجی سکردو
    Rajab Ali

    ،تصویر کا ذریعہRajab Ali Qamar

    ان کے مطابق مظاہرین نے دفاتر پر حملے کی کوشش کی، پولیس نے مزاحمت کی لیکن آنسو گیس ختم ہونے کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ کی، جو مظاہرین کو نہ روک سکی اور انہوں نے دفتر پر دھاوا بول دیا۔

    سکردو میں عینی شاہد اسرار عالم کے مطابق مظاہرین صبح سے ہی مختلف سڑکوں پر جمع ہو رہے تھے اور انتہائی مشتعل تھے۔ جیسے جیسے تعداد بڑھتی گئی، مظاہرین نے اقوامِ متحدہ کے دفتر پر حملہ کیا اور پولیس پر بھی دھاوا بول دیا۔

    ایک اور عینی شاہد کے مطابق پولیس نے اقوامِ متحدہ کے دفتر کو بچانے کی کوشش کی تو مظاہرین نے ایس پی دفتر اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک پر بھی حملہ کر دیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان کئی گھنٹوں تک جھڑپیں جاری رہیں جن میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

    GB

    ،تصویر کا ذریعہArslan

    نگران گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان شبیر میر نے کہا کہ پورے علاقے میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے جو گلگت اور سکردو میں امن و امان قائم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ ناخوشگوار واقعات ہوئے ہیں جو نہیں ہونے چاہیئے تھے۔

    احتجاج

    شبیر میر نے کہا کہ احتجاج کرنا مظاہرین کا حق ہے لیکن توڑ پھوڑ اور اپنی ہی املاک کو نقصان پہنچانا درست نہیں۔ حکومت نے تمام مقامات پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور مذہبی قیادت سے بات چیت جاری ہے تاکہ عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔

    ان کے مطابق زخمیوں کے حوالے سے درست معلومات فی الحال موجود نہیں، تاہم فرائض کی ادائیگی کے دوران ڈی ایس پی سکردو سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

  12. ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے نئے کمانڈر کا تقرر

    پاسداران انقلاب

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے احمد وحیدی کو نیا کمانڈر ان چیف نامزد کیا ہے۔

    اس سے قبل کمانڈر جنرل محمد پاکپور سنیچر کے روز ایران پر امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملوں میں ہلاک ہو گئے تھے۔

    پاسدارانِ انقلاب ایران کی ایک بڑی فوجی، سیاسی اور اقتصادی قوت ہے جو ملک کی باقاعدہ فوج سے الگ حیثیت رکھتی ہے۔

  13. قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، پُرامن احتجاج کریں: وزیر داخلہ محسن نقوی

    وزیر داخلہ

    ،تصویر کا ذریعہscreenshot

    پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج کا دن امت مسلمہ، ایران اور پاکستان کے عوام کے لیے سوگوار دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پاکستان کا ہر شہری اسی طرح غمزدہ ہے جس طرح ایران کے عوام غم کی کیفیت سے دوچار ہیں۔‘

    محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم سب ایران کے عوام کے ساتھ ہیں۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور اپنا احتجاج پرامن انداز میں ریکارڈ کرائیں۔‘

    وزیر داخلہ نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں عوامی نظم و ضبط قائم رکھنا نہایت ضروری ہے تاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال متاثر نہ ہو۔

  14. پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

    پاکستان میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ’ہم امریکی قونصل خانہ کراچی اور لاہور کے باہر جاری مظاہروں کی اطلاعات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور ساتھ ہی اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے اور پشاور میں قونصل خانہ کے باہر مزید مظاہروں کی کالز بھی سامنے آئی ہیں۔‘

    سفارتخانے نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’ہم امریکی شہریوں کو پاکستان میں مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مقامی خبروں پر نظر رکھیں اور ذاتی حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔‘

    امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے حالات سے باخبر رہیں، ہجوم والی جگہوں سے گریز کریں اور دیگر دستاویزات کا خیال رکھیں۔

  15. تہران کے قلب میں اہداف پر حملے شروع کر دیے گئے: اسرائیلی فوج

    اسرائیلی فوج نے اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ اس نے ایران کی حکومت سے متعلق اہداف کو ’تہران کے قلب‘ میں نشانہ بنایا ہے۔

    فوج کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے ’فوجی انٹیلیجنس کی رہنمائی‘ میں حملوں کی ایک لہر کا آغاز کیا ہے۔

    تہران کے مختلف علاقوں میں خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    تہران سے موصول ہونے والی مختلف اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    شہریوں نے تہران کے مختلف علاقوں سے متعدد رپورٹس بھیجی ہیں کہ انھوں نے مختلف علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں اور آزادی سکوائر اور میلاد ٹاور کے قریب ہونے والے ان دھماکوں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شائع کی گئی ہیں جن سے دھویں کے بادل فضا میں بلند ہو رہے ہیں۔

  16. پولیس انٹیلی جنس آرگنائزیشن کے سربراہ کو قتل کر دیا گیا ہے: ایرانی میڈیا

    ایرانی میڈیا نے فارس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹیلی جنس آرگنائزیشن آف پولیس کمانڈ (فرازہ) کے سربراہ غلام رضا رضایان کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

    رضا رضایان اس سے قبل امیگریشن اور غیر ملکی شہریوں کی پولیس کے سربراہ، انٹیلی جنس اور پبلک سکیورٹی پولیس کے سربراہ، اور ایران کی پولیس فورس کے جنرل انسپکٹر کے ڈائریکٹر جیسے عہدوں پر فائز تھے۔

    ان کی موت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

    ہلال احمر سوسائٹی کی عمارت اور تہران میں کئی ہسپتالوں کے ارد گرد حملے

    ایرانی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا ہے کہ تہران پر حالیہ حملوں میں ’ہلال احمر امن عمارت کے گردونواح‘ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ہلال احمر سوسائٹی کے ٹیلیگرام چینل نے کہا کہ حملے ’تہران میں خاتم الانبیاء، مطہری اور بہزستی ہسپتالوں کے قریب بھی کیے گئے۔‘

  17. دبئی اور خطے کے دیگر ممالک میں ایرانی حملوں کی تصاویر، عمارتوں اور ایئرپورٹ کو نقصان

    ایرانی حملوں کے نتیجے میں دبئی میں ہونے والے نقصانات کی تصاویر سامنے آ گئی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق ایران نے رات کے وقت دبئی میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا جن میں امارت کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی شامل ہے۔

    ایک لگژری ہوٹل فیرمونٹ دی پام پر بھی حملہ ہوا جس کی ویڈیو کی بی بی سی نے تصدیق کی ہے، اس ہوٹل میں آگ بھڑکتی ہوئی اور کالے دھوئیں کے بادل آسمان کی طرف اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔

    مقامی حکام کے مطابق پام جمیرہ کے علاقے میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے چار افراد زخمی ہوئے۔ مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔

    اتوار کی ابتدائی گھنٹوں میں دبئی میڈیا آفس نے بتایا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں ایک ’واقعے‘ میں چار افراد زخمی ہوئے۔ ایئرپورٹ کو معمولی نقصان پہنچا، جبکہ مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

    getty

    ،تصویر کا ذریعہgettyimages

    bbc
    getty

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    presstv

    ،تصویر کا ذریعہpresstv

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ،تصویر کا کیپشنجبل علی بندرگاہ

    خطے کے دیگر ممالک میں حالات:

    قطر، بحرین، اردن اور کویت، جہاں امریکی فوجی اڈے قائم ہیں، کی حکومتوں کے مطابق ان ریاستوں پر داغے گئے میزائلوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔

    بحرین کے منامہ میں امریکی نیوی کی پانچویں فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کے قریب سیاہ دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں، تاہم نقصان کی حد واضح نہیں اور امریکہ کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

    دوحہ میں وزارت دفاع نے بتایا کہ انھوں نے کئی میزائل ناکارہ بنائے جو بظاہر العدید ایئر بیس، خطے کے سب سے بڑے امریکی اڈے، کو نشانہ بنا رہے تھے۔

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ،تصویر کا کیپشنمنامہ
    presstv

    ،تصویر کا ذریعہpresstv

    ،تصویر کا کیپشناربل
    getty

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  18. کراچی: مشتعل افراد امریکی قونصلیٹ میں داخل، فائرنگ سے نو ہلاک اور متعدد زخمی, ریاض سہیل، بی بی سی کراچی

    BBC

    کراچی میں مشتعل افراد نے امریکی قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور عمارت میں توڑ پھوڑ بھی کی ہے، اس دوران فائرنگ سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سول ہسپتال کراچی کے ایک سینیئر ڈاکٹر نے بی بی سی نیوز کے عثمان زاہد کو بتایا ہے کہ امریکی قونصل خانہ کراچی کے قریب پولیس کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں کے بعد نو لاشیں اور کم از کم 32 زخمی ہسپتال لائے گئے۔

    ایدھی فاؤنڈیشن کے ایک اہلکار نے بھی تصدیق کی ہے کہ انھوں نے نو لاشیں اور درجنوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پولیس نے مظاہرین کو قونصل خانے کے کمپلیکس میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

    امریکی قونصلیٹ کراچی میں بندرگاہ کے قریب واقع ہے۔

    سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بعض افراد گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے جس کے بعد استقبالیہ اور سکیورٹی کمرے کے شیشے توڑے گئے۔

    مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان کے مطابق یہ عوامی احتجاج تھا جس میں عام لوگوں نے مذہبی شخصیت کی ہلاکت پر ردعمل میں امریکی قونصلیٹ پر پہنچ کر احتجاج کیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین پر اندر سے بھی فائرنگ کی گئی۔

    تاحال پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ گولیاں کہاں سے چلیں اور کس نے چلائیں۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے بھی اموات کی تصدیق کی ہے۔

    کراچی پولیس کے ڈی آئی جی ایسٹ زون کا کہنا ہے کہ کچھ مشتعل افراد قونصلیٹ میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا ہے۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے امریکن قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلات طلب کی ہیں۔

    ایک اعلامیے میں صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

    انھوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ حساس تنصیبات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔

    امریکی و اسرائیلی حملوں میں ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای ہلاکت کی تصدیق کے بعد دنیا کے مختلف ممالک میں واقع امریکی سفارتخانوں اور قونصلیٹ کے باہر احتجاج کی خبریں آ رہی ہیں۔

    عراق کے شہر بغداد میں مظاہرین گرین زون پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں امریکی سفارت خانہ واقع ہے۔

  19. مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والے حملوں کے بارے میں ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟

    تصویر

    امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور سپریم لیڈر خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران کی جوابی کارروائیوں کے پیشِ نظر مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں سنیچر کو بھی دھماکوں اور سائرن کی آوازیں آتی رہیں۔

    ایران کی ریڈ کریسینٹ کے ترجمان مجتبی خالدی کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے 31 میں سے 24 صوبوں میں حملے کیے گئے۔

    بی بی سی ویریفائی نے سیٹلائٹ فوٹیج کا تجزیہ کیا ہے جس میں تہران میں ایرانی قیادت کے کمپاؤنڈ کو کافی نقصان پہنچا ہے، یہاں ایران کے سپریم لیڈر کا دفتر بھی واقع تھا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے اتوار کی صبح سپریم لیڈر خامنہ ای کی اُن کے دفتر میں ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

    اب تک ایران میں حملوں کے دوران 201 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں کم از کم 108 افراد جنوبی ایران میں لڑکیوں کے سکول میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

    ایران کی جوابی کارروائیاں

    ایران کی جانب سے اسرائیل میں میزائل اور ڈرونز کے ذریعے لگاتار حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں تل ابیت میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ تباہ ہو گئی۔ اسرائیل میں ہونے والے حملوں میں ایک خاتون کی ہلاکت جبکہ 120 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ایران کے پاسدرانِ انقلاب کی جانب سے امریکی کے بحرین میں پانچویں بحری بیڑے اور خلیجی ممالک میں قائم اس کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    دبئی، دوحہ اور کویت میں بھی حملے ہوئے ہیں۔ دُنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے دبئی ایئر پورٹ میں بھی ایک واقعے میں چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بحرین کے بین الاقوامی ہوئی اڈے پر بھی حملوں کی اطلاع دی ہے۔

  20. دبئی میں ایرانی ڈرون کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی

    gettyimages

    ،تصویر کا ذریعہgettyimages

    دبئی میڈیا آفس کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مار گرائے گئے ایرانی ڈرونز کا ملبہ دبئی میں دو گھروں کے صحنوں میں گرا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

    زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔

    حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ امارت بھر میں سنائی دینے والی آوازیں کامیاب انٹرسیپشن کارروائیوں کا نتیجہ تھیں۔