روبولوکس گیم پر سیکس ٹیپ والا اشتہار جعلی نہیں تھا: کم کارڈیشن

کم کارڈیشن

،تصویر کا ذریعہ'KARDASHIANS', FULWELL 73

    • مصنف, جو ٹائیڈی
    • عہدہ, سائبر رپورٹر

ہالی وڈ کی مشہور سٹار کم کارڈیشن کے ایک قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ریئلیٹی شو کے سین میں کم کارڈیشن کے بیٹے کو روبولوکس گیم میں ایک سیکس ٹیپ روم کا اشتہار ملنے والا معاملہ جعلی نہیں تھا۔

ریئلیٹی شو کے اس منظر میں کم کارڈیشن کے چھ سالہ بیٹے سینٹ ویسٹ اپنی والدہ کو گیم کھیلنے کے دوران ایک 'کم کارڈیشن کے تجربے ' کے نام والا اشتہار دکھاتے ہیں جو بظاہر اتفاقیہ ان کے سامنے آیا تھا۔

روبولوکس گیم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے گیم کے پلیٹ فارم سے اس نازیبا روم کو ہٹا دیا ہے اور اس کے بنانے والے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اور گیم پر کبھی کوئی سیکس ٹیپ موجود نہیں تھی۔

اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’صرف چند درجن کھلاڑیوں نے اسے کچھ وقت کے لیے دیکھا تھا جب یہ گیم پر موجود تھا۔‘

’بہت زیادہ سرچ کیا جانا‘

سوشل میڈیا اور چند نیوز رپورٹس میں لوگوں کا کہنا ہے کہ چھ سالہ سینٹ ویسٹ کو گیم کھیلنے کے دوران یہ اشتہار ملنے کے امکانات بہت ہی کم ہیں۔

روبولوکس گیم کے لیے ایک جانے مانے زوم باڈی نامی ڈویلپر نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ بنیادی طور پر گیم کھیلنے کے دوران اتفاقیہ اس طرح کے اشتہار کے سامنے آنے کا امکان بہت ہی کم ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس کے دو ممکنہ طریقے ہیں جس سے سینٹ کو اس طرح کے گیم یا گیم روم تک رسائی حاصل ہوئی ہو گی۔ ایک یہ کہ انھوں نے یا ان کے اہل خانہ نے اس بارے میں ایسے گیم کو بہت زیادہ سرچ کیا (یا بنایا) یا پھر اس کے دوستوں میں سے کسی نے ایسا کچھ بنایا اور اسے براہ راست بچے کے ساتھ شیئر کیا گیا۔‘

کم کارڈیشن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

تاہم اس معاملے پر کارڈیشن فیملی یا اس ریئلیٹی شو کی ’فل ول 73‘ نامی پروڈکشن کمپنی نے اس بارے میں میڈیا پر آ کر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن کارڈیشن خاندان کے ایک قریبی رابطے کا کہنا ہے کہ کارڈیشن فیملی کا اصرار ہے کہ سیکس ٹیپ کا وہ اشتہار غلط نہیں تھا۔

دنیا بھر سے تقریباً پانچ کروڑ صارفین روزانہ روبولوکس پلیٹ فارم پر گیمز کھیلنے، اپنے تجربات بنانے اور پلیٹ فارم کو دیکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر کھلاڑیوں کے تیار کردہ لاکھوں تجربات اور منی گیمز ہیں، جن میں روزانہ نئی خصوصیات شامل کی جاتی ہیں۔

اس پلیٹ فارم کی سب سے مشہور بات یہ ہے کہ اس پلیٹ فارم کے پلیئر کے تخلیق کردہ تجربات کو ہوم سکرین پر شامل کیا جاتا ہے اور دیگر افراد اسے سرچ کر کے دیکھ سکتے ہیں۔

پلیٹ فارم کے اس حصے کی پلیئرز کے لیے تشہیر نہیں کی جاتی اور اس پر زیادہ وزیٹرز نہیں آتے۔

جس لمحے سینٹ ویسٹ کے سامنے روبولوکس روم کھلا وہ دی کارڈیشنز نامی اس نئے ریئلیٹی شو کی پہلی قسط میں ڈرامے کا مرکزی حصہ تھے۔ یہ نیا ریئلیٹی شو طویل عرصے سے جاری کیپنگ اپ ود دی کارڈیشنز کے ریئلٹی شو کا دوبارہ آغاز ہے۔

شو کے اس حصے میں چھ سالہ سینٹ ویسٹ دوڑتے ہوئے اپنی والدہ کے پاس آتے ہیں اور انھیں ٹیبلٹ تھماتے ہوئے کہتے ہیں ’سب یہ دیکھیں، یہ روبولوکس پر ہے۔‘ اس منظر میں ٹیبلٹ سکرین دھندلی دکھائی دیتی ہے لیکن کم کارڈیشن نے انٹرویو لینے والے کو بتایا کہ انھوں نے اس پر کیا دیکھا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ’اس اشتہار میں ان کی روتے ہوئے چہرے کی ایک تصویر تھی اور جب میں نے غور سے دیکھا تو اس پر ’کم کی نئی سیکس ٹیپ‘ جیسے نامناسب الفاظ درج تھے۔‘ اُنھوں نے کہا کہ یہ شاید میری پرانی سیکس ٹیپ کا غیر ریلیز شدہ مواد ہو۔

کم کارڈیشن کی ایک سیکس ٹیپ سنہ 2007 میں انٹرنیٹ پر منظر عام پر آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

کم کارڈیشن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس شو کی قسط میں آگے چل کر انھوں نے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے روبولوکس پلیٹ فارم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کی دھمکی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ربولوکس کو تباہ کرنے کے لیے ان کے وکیل کے پاس بہت وقت، بہت دولت اور تمام وسائل موجود ہیں۔‘

’بہت شکر گزار‘

ربولوکس پلیٹ فارم جس کی مالیت تقریباً 24 ارب ڈالرز ہے کا کہنا ہے کہ اس نے اس قسم کے مواد کے خلاف ستمبر 2021 سے ہی کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔‘

یہ شو گذشتہ ہفتے امریکہ میں ہولو آن لائن پلیٹ فارم پر جبکہ دیگر دنیا میں ڈزنی پلس پر دیکھا گیا تھا جبکہ اب تک کمپنی کے خلاف کسی قانونی مقدمے کا ریکارڈ سامنے نہیں آیا ہے۔

روبولوکس پلیٹ فارم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ٹیپ سے متعلق الفاظ جو ہمارے فلٹر سسٹم سے نکلنے میں کامیاب ہوئے اسے فوری طور پر پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے اور اسے پلیٹ فارم پر موجود صرف چند درجن افراد ہی دیکھ سکے تھے۔ ہم نے اس کے ساتھ ہی فوری طور پر اس سے منسلک دیگر مواد کو بھی ہٹا دیا ہے اور اس واقعے میں ملوث پلیٹ فارم پر موجود اس ڈویلمپر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

روبولوکس نے یہ نہیں بتایا کہ کس نے یہ روم بنایا تھا، اور اس روم کو پلیٹ فارم سے ہٹائے جانے سے قبل کتنے افراد نے اسے جوائن کیا تھا اور کیا کپمنی کو اس کے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔

ہولو پلیٹ فارم نے اس بارے میں تبصرہ نہیں کیا ہے اور اس نے اس شو کی کامیابی کے متعلق کہا ہے کہ یہ امریکہ کی سٹریمنگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھا گیا ہے۔

اس بارے میں کم کارڈیشن نے بھی انسٹاگرام پر لکھا کہ ’آپ سب کے شو کو دیکھنے کے لیے میں آپ سب کی بہت شکر گزار ہوں۔‘